Sunday, 22 May 2011

کرپٹ حکمرانوں سے لوگ بیزار ہو چکے،ملک میں قانون کی نام کی کوئی چیز نہیں، ڈالروں کے عوض اپنے ہی لوگوں کو بیچا جارہا ہے،دہشتگردی کا خاتمہ کر کے ملک کی تقدیر بدل دینگے ،عمران خان کا خطاب

کراچی ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے آئندہ ماہ ’’حکومت ہٹاؤ پاکستان بچاؤ تحریک ،،کا آغاز کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں سے لوگ بیزار ہو چکے ہیں،ملک میں قانون کی نام کی کوئی چیز نہیں، ڈالروں کے عوض اپنے ہی لوگوں کو بیچا جارہا ہے،لوگ اس مرتبہ تحریک انصاف کو ووٹ دیں،دہشتگردی کا خاتمہ کر کے ملک کی تقدیر بدل دینگے، نائن الیون سے قبل القاعدہ پاکستان میں تھی ہی نہیں، حکومت ہٹاؤ پاکستان بچاؤ تحریک میں نئے انتخاب کا مطالبہ کیا جائیگا ۔اتوار کی رات نیٹی جیٹی پل پر دو روزہ دھرنے کے اختتام پر آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ میں قوم سے سب سے زیادہ اکٹھا کر کے دکھاؤنگا جو ٹیکس نہیں دیگا وہ جیل میں جائیگا ۔

نواز شریف نورا کشتی کے ماہر ہیں اوپر سے صدر زر داری سے لڑائی اور اندر سے ڈرامہ رچایا ہوا ہے آئندہ ماہ ملتان سے تحریک کا آغاز ہوگا جس کے بعد لاہور جائیں گے اور پھر اسلام آباد جائینگے ۔عمران خان نے کہاکہ اسمبلی کے اجلاس پر ایک منٹ پر پچپن ہزار روپے خرچ آتا ہے لیکن اس میں بیٹھے ہوئے تمام افراد نا اہل ہیں ۔میں قوم سے اپیل کرتا ہوں ان کرپٹ حکمرانوں کو نکالنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔عمران خان نے کہاکہ دوہزار چھ میں ایک ڈرون حملہ ہوا تھا جس میں اسی دہشتگرد مارنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن بعد میں معلوم ہوا وہ سب طالب علم تھے ۔
انہوں نے کہاکہ میں فوج کے سربراہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ قتل و غارت کس کے کہنے پر ہورہی ہے انگریز کے دور میں تو ایسے قتل وغارت نہیں ہوتی آج بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے لوگوں کو لاپتہ کر دیا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں اس صورتحال سے سب لوگ بیزار ہو چکے ہیں عمران خان نے کہاکہ ملک میں قانون نہیں انہوں نے کہاکہ فوج کے سربراہ سے اپیل کی کہ وہ ملک کو مضبوط بنانے کیلئے پہلے فوج اور ایجنسیاں کو مضبوط بنائیں اور امریکہ کی غلامی سے باہر نکلا جائے عمران خان نے کہاکہ ڈرون حملوں کے بعد وزیراعظم، صدر اور آرمی چیف مذمت کر دیتے ہیں لیکن بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب اوپر سے ملے ہوئے ہیں۔وقت آ چکا ہے فوج پاکستان کو تحفظ فراہم کرے ۔
عمران خان نے کہاکہ میں امریکہ کے خلاف نہیں اس کی پالیسیوں کے خلاف ہوں امریکی پالیسیوں نے پاکستان کو برباد کر دیا ہے اور امریکہ ہمارے ملک کو بھی وہ قانون فراہم کرے جو اس کے اپنے شہریوں کیلئے ہے امریکہ اپنے شہریوں کے قتل کو بر داشت نہیں کر تا تو پھر ہمارے شہریوں کو کیوں کھلے عام قتل کررہا ہے ۔عمران خان نے کہاکہ ایڈمرل مائیک مولن نے آصف علی زر داری سے کہاتھا کہ اگر فیصل شہزاد امریکہ میں بم دھماکہ کر نے میں کامیاب ہو جاتا تو ہم پاکستان میں ڈیڑھ سو جگہ پر بمباری کر تے ۔اگر دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہوئی تو اب نائن الیون سے بڑا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑے گا ۔
ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے کس سے بدلہ لیتے ہیں وہ صرف پاکستانی قوم اور جوانوں کو مار کر اپنا بدلہ پورا کرتا ہوں میں پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ کرپٹ حکمرانوں کی جائے اس مرتبہ ووٹ صرف تحریک انصاف کو دیں ۔ دو مئی کے سانحے میں ہمارے حکمرا ن بھی ملوث ہیں اب انہیں یہاں سے ہٹانا ہوگا عمران خان نے کہاکہ نائن الیون کے سانحہ سے قبل القاعدہ تو پاکستان میں موجود ہی نہیں تھی تو یہ ڈرامہ کس کیلئے کیا گیا حکمرانوں نے ڈالروں کے پجاری ہونے کا ثبوت دیا اورپاکستانی قوم کو بیچ ڈالا جو امداد آرہی ہے کہاں گئی ؟ نہ پانی ہے، نہ بجلی ہے اور نہ ہی گیس ہے ڈالر وں سے تو یہ اپنے محلات خرید رہے ہیں ۔
صدر اور وزیر اعظم کے دو روزہ دورے چوبیس لاکھ روپے خرچ آتا ہے یہ قوم کا پیسہ بر باد کیا جارہا ہے جب نائن الیون کا واقعہ پیش آیا تو پاکستان میں ڈرون حملے ہوئے اور طالبان کے تیس گروپس وجود میں آئے عمران خان نے کہاکہ سیاستدانوں نے ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کی عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح ڈالروں کے عوض بیچ ڈالا ہے ۔میر جعفر اور میر صادق نے جس طرح اپنی قوموں کو بیچا تھا ہمارے حکمران بھی یہی کر دار اد ا کررہے ہیں آج ٹیپو سلطان کی طرح اپنی جان کی بازی لگانا ہوگی ۔غلامی کی زندگی سے نجات حاصل کر نے کیلئے ہر نو جوان کو گھر سے نکلنا پڑے گا ۔
ہماری پارلیمنٹ نے سانحہ ایبٹ آباد پر ایک قرار داد منظور کی لیکن چوبیس گھنٹوں کے اندر امریکہ نے رد عمل ظاہر کیا اور دو ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کر ڈالا نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کر اس ملک کو بچانا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے موجودہ حکمران اپنی عیاشیوں سے توجہ نہیں ہٹا رہے اورقوم کی طرف نہیں دیکھ رہے ،اس لئے اب حکومت ہٹاؤ اور ملک بچاؤ کی تحریک کا وقت آ چکا ہے آئندہ ایک ماہ کے اندر ان کرپٹ حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا جائیگا آج دھرنے میں نو جوانوں نے اپنی شرکت یقینی بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ان کرپٹ حکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور نجات چاہتے ہیں اور امریکی غلامی سے بھی نجات چاہتے ہیں ۔
نو جوان ان کرپٹ حکمرانوں کیلئے خلاف اس تحریک میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں ۔تحریک کے اندر مطالبہ کیا جائے کہ حکومت کو ختم کر کے نئے انتخاب کرائے جائیں عمران خان کے خطاب سے قبل قرارداد میں ایک منظور کی گئی قرار داد مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عارف علوی نے پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں سے پوری قوم آزادی چاہتی ہے،سات ہزار ویزے جو غیر قانونی طورپر امریکی ایجنٹوں کو جاری کئے گئے ان کو سات روز کے اندر کینسل کر دیا جائے امریکہ کے کہنے پر فورسز کی جانب سے کی جانے والی گولہ باری بند کی جائے ۔

No comments:

Post a Comment